پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے نئے میڈیکل ڈائریکٹر تعینات
صوابی: پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور الائیڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس، ایم ٹی آئی صوابی کا نیا میڈیکل ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دی ہیں۔
ماہرِ امراضِ اطفال پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن اس سے قبل باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں شعبہ اطفال کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں طبی علاج، تدریس اور ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ مختلف طبی تربیتی پروگراموں، سیمینارز، سمپوزیمز اور ورکشاپس کے انعقاد میں بھی فعال کردار ادا کر چکے ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ اور بورڈ آف گورنرز، ایم ٹی آئی صوابی نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مستقل بنیادوں پر میڈیکل ڈائریکٹر کی تعیناتی سے باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور ایم ٹی آئی صوابی کے زیرِ انتظام تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں طبی خدمات، انتظامی امور اور مریضوں کی دیکھ بھال بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
نئے میڈیکل ڈائریکٹر نے علاج معالجے کی سہولیات مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی ترجیحات میں ایمرجنسی، شعبہ اطفال، انتہائی نگہداشت اور کریٹیکل کیئر سمیت دیگر طبی شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانا، مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنا اور ڈاکٹروں، نرسز و دیگر عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینا شامل ہے۔








