پری پیڈ موبائل بیلنس اب 180 دن تک محفوظ رہے گا، پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے پری پیڈ موبائل بیلنس کی کم از کم میعاد 180 دن مقرر کردی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئے قواعد کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ملک بھر کے تمام موبائل آپریٹرز پر ہوگا۔ اس فیصلے کے بعد پری پیڈ صارفین کے ری چارج اور بیلنس کو کم از کم 180 دن تک محفوظ رکھنا لازم ہوگا۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی صارف کے بیلنس کی مقررہ مدت ختم بھی ہوجائے تو نئے ری چارج کی صورت میں سابقہ بیلنس خودکار طور پر صارف کے اکاؤنٹ میں واپس بحال کردیا جائے گا۔ تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعلقہ سم کا قابلِ استعمال اور فعال رہنا ضروری ہوگا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد موبائل صارفین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں غیر ضروری طور پر بیلنس سے محروم ہونے سے بچانا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت صارفین کو ری چارج کی رقم استعمال کرنے کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ وقت دستیاب ہوگا۔
پی ٹی اے کے مطابق تمام موبائل آپریٹرز کو نئے قواعد پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، جس سے صارفین کو بیلنس کی میعاد کے حوالے سے زیادہ سہولت اور تحفظ حاصل ہوگا۔
اتھارٹی نے اس اقدام کو صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ملک میں منصفانہ کاروباری ماحول کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
نئے نظام کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا، جس کے بعد پری پیڈ موبائل صارفین کا بیلنس کم از کم 180 دن تک محفوظ رہے گا۔








