پشاور ترناب فارم چوکی کے قریب دھماکہ، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی
نامعلوم افراد کی جانب سے بارودی مواد پھینکنے سے دھماکہ، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا
پشاور: تھانہ چمکنی کی حدود ترناب فارم پولیس چوکی کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے بارودی مواد پھینکے جانے کے نتیجے میں دھماکہ ہوا، جس کے باعث ڈیوٹی پر موجود 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو 1122 پشاور کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر افتخار خان کی ہدایت پر امدادی ٹیموں اور ایمبولینسز نے فوری طور پر کارروائی شروع کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی 5 ایمبولینسز اور 2 فائر وہیکلز بھی جائے وقوعہ پر موجود رہیں۔ امدادی ٹیموں نے علاقے میں ضروری کارروائیاں مکمل کیں۔
دوسری جانب پولیس نے دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔ واقعے کی نوعیت اور بارودی مواد سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کی جانب سے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کیے جانے کا امکان ہے جبکہ دھماکے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی روشنی میں ذمہ دار عناصر تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔








