پشاور سمیت ملک بھر میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ میٹرز نصب
پشاور: ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جس کے تحت اب تک 21 لاکھ 25 ہزار 296 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اسمارٹ میٹرز کی تنصیب میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) سب سے آگے ہے، جہاں اب تک 11 لاکھ 53 ہزار 556 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
اسی طرح گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے صارفین کے لیے 3 لاکھ 48 ہزار 135، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) میں 2 لاکھ 29 ہزار 719 جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں 1 لاکھ 19 ہزار 372 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو) کے صارفین کے لیے اب تک 60 ہزار 685 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا مقصد بجلی کے استعمال کی جدید انداز میں نگرانی، میٹر ریڈنگ کے عمل کو بہتر بنانا اور بجلی کی تقسیم کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دینا ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں اسمارٹ میٹرنگ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا عمل جاری ہے، جس سے مستقبل میں صارفین اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں دونوں کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔





