بندوق نہیں قلم، میدانِ جنگ نہیں کھیل کے میدان آباد کریں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے ذریعے ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی، ہماری ترجیح بندوق کے بجائے قلم اور میدانِ جنگ کے بجائے کھیل کے میدان آباد کرنا ہے۔
گورنر نے پشاور میں سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریب میں شرکت کی اور سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء کے ساتھ کیک بھی کاٹا اور ملکی ترقی و خوشحالی میں اقلیتی برادری کے کردار کو سراہا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان تمام اقلیتوں کے لیے محفوظ ملک ہے اور حکومت اقلیتی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ محدود وسائل کے باوجود اقلیتوں کی حمایت جاری رکھی گئی ہے، جبکہ ان کے حقوق سے متعلق زیرِ التوا قانون سازی جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے اے پی ایس کے شہداء، عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ان قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں امن اور ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھنا ضروری ہے۔








