پشاور میں 14 اگست پر باجوں، کھلونا پستولوں اور پٹاخوں کی خرید و فروخت پر پابندی

پشاور میں 14 اگست پر باجوں، کھلونا پستولوں اور پٹاخوں کی خرید و فروخت پر پابندی

پشاور: 14 اگست، یومِ آزادی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پشاور نے مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں باجوں، کھلونا پستولوں اور پٹاخوں کی خرید و فروخت سمیت متعدد سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

انتظامیہ کے مطابق یہ پابندیاں دفعہ 144 کے تحت عائد کی گئی ہیں اور 15 اگست تک نافذ العمل رہیں گی۔ پابندی کا مقصد یومِ آزادی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت ضلع پشاور میں ہوائی فائرنگ، آتش بازی، پٹاخوں اور باجوں کی فروخت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کھلونا پستولوں کی خرید و فروخت اور ون ویلنگ پر بھی پابندی ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کو قانون کی پابندی کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یومِ آزادی کی تقریبات کو پُرامن اور محفوظ انداز میں منائیں اور ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جن سے دوسروں کے لیے خطرہ یا شہری امن متاثر ہوسکتا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یومِ آزادی قومی خوشی اور اتحاد کا موقع ہے، اس لیے شہری جشن مناتے ہوئے قانون کی پاسداری اور دوسروں کے جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں۔

More News