پشاور ہائیکورٹ کا دو افغان صحافیوں کو ملک بدر نہ کرنے کا حکم
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان میں مقیم افغانستان سے تعلق رکھنے والے دو صحافیوں کی ملک بدری روک دی اور وفاقی حکومت کو ان کے کیسز کا فیصلہ دو ماہ کے اندر کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ سید احسان اللہ صالحی اور سید منیر احمد افغان صحافی ہیں، جو قانونی ویزے پر پاکستان آئے اور اس وقت بھی یہاں مقیم ہیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق انہوں نے 2026 میں فرانس میں آبادکاری کے لیے درخواستیں دی تھیں، جو تاحال زیر غور ہیں، جبکہ فرانس کا سفارتخانہ ان کے کیسز کی توثیق بھی کرچکا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ قانونی قیام کے باوجود دونوں صحافیوں کو گرفتاری اور ملک بدری کا خدشہ ہے، جس کے باعث وہ آزادانہ نقل و حرکت اور طبی سہولیات تک رسائی سے بھی محروم ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ 60 دن تک دونوں صحافیوں کو گرفتار نہ کیا جائے اور انہیں افغانستان ڈی پورٹ نہ کیا جائے۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ اگر وفاقی حکومت 60 دن میں کیسز کا فیصلہ کرنے میں ناکام رہی تو سیکرٹری وزارت داخلہ دونوں صحافیوں کو عارضی اجازت نامہ جاری کریں۔








