پشاور میں 14 اگست کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

پشاور میں 14 اگست کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

پشاور: ضلعی انتظامیہ نے یومِ آزادی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی، جس کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ نما کھلونوں کی خرید و فروخت اور تیز ہارن کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پابندی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور یومِ آزادی کی تقریبات کو پرامن بنانا ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ 14 اگست کے دوران ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ اسلحہ نما کھلونوں کی خرید و فروخت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ شہریوں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رکھنے کے لیے پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ماضی میں یومِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، اس لیے اس اقدام کا مقصد ایسے واقعات کی روک تھام ہے۔

اس کے علاوہ شہریوں کی جانب سے تیز ہارن کے استعمال کی شکایات کے پیشِ نظر اس پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تیز ہارن شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں اور یومِ آزادی کے موقع پر پرامن ماحول برقرار رکھنا ضروری ہے۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں اہم قومی اور مذہبی مواقع پر امن و امان کے پیشِ نظر دفعہ 144 کا نفاذ کیا جاتا رہا ہے

More News