قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک لیگز کھیلنے کی اجازت، پی سی بی نے این او سی جاری کردیئے

قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک لیگز کھیلنے کی اجازت، پی سی بی نے این او سی جاری کردیئے

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک مختلف لیگز میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے متعدد کھلاڑیوں کو این او سی جاری کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حسن نواز، حنین شاہ، نسیم شاہ اور عثمان خان کو کیریبین پریمیئر لیگ کے لیے این او سی جاری کیے گئے ہیں۔ اسی طرح معاذ صداقت، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور شاداب خان کو بھی سی پی ایل میں شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے بیشتر کھلاڑیوں کو 19 اگست سے 21 ستمبر تک این او سی جاری کیے گئے ہیں۔

سپنر نعمان علی کو لنکا شائر کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنے کے لیے 27 ستمبر تک این او سی دیا گیا ہے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو 7 اگست سے 20 ستمبر تک سی پی ایل کھیلنے کی اجازت ملی ہے۔

اسی طرح سپنر عثمان طارق کو 8 اگست سے 18 ستمبر جبکہ اسامہ میر کو 7 اگست سے 21 ستمبر تک سی پی ایل کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سی پی ایل کے لیے قومی کھلاڑیوں کو این او سی 19 اگست سے جاری کیے جائیں گے، تاہم اب بعض کھلاڑیوں کو اس سے قبل ہی لیگ میں شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس سے قبل پی سی بی نے اگست میں چار ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے اس میں شرکت لازمی قرار دی گئی تھی، جس کے باعث کھلاڑیوں کی بیرونِ ملک لیگز میں شرکت غیر یقینی ہوگئی تھی

More News