پشاور کی بیٹی کا عالمی اعزاز، ڈاکٹر آنم ریاض احمد نے جاپان میں پاکستان کی نمائندگی کر دی
پشاور:: کاشف عارف
پشاور سے تعلق رکھنے والی ماہرِ امراضِ گردہ (نیفروالوجسٹ) ڈاکٹر آنم ریاض احمد نے جاپان میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کر کے پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔
ڈاکٹر آنم ریاض احمد نے باوقار “ورلڈ کانگریس آف نیفروالوجی” میں پاکستان کی نمائندگی کی اور وہ اس عالمی فورم پر ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون نیفروالوجسٹ بن گئیں۔
کانفرنس کے دوران انہوں نے حاملہ خواتین کو گردوں کے امراض سے متعلق درپیش مسائل پر اپنی تحقیق پیش کی، جسے عالمی ماہرین نے خوب سراہا۔ ان کی تحقیق کو طبی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ورلڈ کانگریس آف نیفروالوجی گردوں کے امراض کے حوالے سے دنیا کا ایک معتبر ترین فورم ہے، جہاں دنیا بھر سے نامور ڈاکٹرز اور محققین شرکت کرتے ہیں۔
ڈاکٹر آنم کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ یہ خیبر پختونخوا اور پاکستان میں طبی تحقیق کے بڑھتے ہوئے معیار کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نوجوان ڈاکٹرز خصوصاً طالبات کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو انہیں عالمی سطح پر آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔








