پشاور کے تمام فیملی ویلفیئر سینٹرز میں یومِ آزادی کی خصوصی تقریبات کا اعلان

پشاور کے تمام فیملی ویلفیئر سینٹرز میں یومِ آزادی کی خصوصی تقریبات کا اعلان

پشاور: ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر پشاور سمیع اللہ خان خلیل نے ضلع بھر کے تمام فیملی ویلفیئر سینٹرز میں پاکستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

پشاور میں فیملی ویلفیئر کاؤنسلرز، فیلڈ ٹیکنیکل آفیسرز اور تمام فیملی ویلفیئر سینٹرز کے انچارجز کا ماہانہ کارکردگی جائزہ اجلاس ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر سمیع اللہ خان خلیل کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس میں کاشف فدا، شاہد مراد اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ ماہ فیملی ویلفیئر سینٹرز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ خاص طور پر عوام کو فراہم کی جانے والی خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات، عوامی خدمات کے معیار میں بہتری اور محکمہ بہبودِ آبادی کی جاری سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نے ہدایت کی کہ پشاور ضلع کے تمام فیملی ویلفیئر سینٹرز کو قومی پرچموں اور سبز و سفید رنگوں سے سجایا جائے اور یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔

سمیع اللہ خان خلیل نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں پاکستان کے قیام کے مقاصد، قومی اتحاد، یکجہتی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر پشاور یومِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرے گا اور عوام میں قومی شعور، حب الوطنی، اتحاد اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تقریبات کو مؤثر انداز میں منظم کیا جائے تاکہ عوام بالخصوص فیملی ویلفیئر سینٹرز سے رجوع کرنے والے افراد میں یومِ آزادی کی اہمیت اور قومی ذمہ داریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جاسکے۔

محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی جانب سے جاری سرگرمیوں کے ذریعے عوام کو خاندانی منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ خدمات سے آگاہ کرنے کے ساتھ قومی دن کے جذبے کو بھی اجاگر کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

More News