پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ٹانک میں چار پولیو ورکرز کے اغوا کے واقعے پر اظہارِ تشویش
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک میں چار پولیو ورکرز کے اغوا کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کا اغوا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ یہ کارکن بچوں کے محفوظ مستقبل اور صحت مند پاکستان کے لیے قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں، ایسے افراد کو نشانہ بنانا انسانیت اور قومی مفاد کے خلاف ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ مغوی پولیو ورکرز کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انسدادِ پولیو مہم میں مصروف کارکنان ملک سے موذی مرض کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو ورکرز کو درپیش خطرات کے خاتمے اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔








