پشاور ہائیکورٹ: ایم این اے عبداللطیف کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی
پشاور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی عبداللطیف کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ جسٹس اعجاز انور کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کی عدم موجودگی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جونیئر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سینئر وکیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔
جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ آج لارجر بینچ ان مقدمات کی سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے دیگر کئی کیسز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ عدالت نے خبردار کیا کہ آئندہ سماعت پر وکیل پیش نہ ہوئے تو حکمِ امتناع واپس لے لیا جائے گا۔
دورانِ سماعت الیکشن کمیشن کے نمائندے نے بتایا کہ عبداللطیف کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے سزا کے بعد نااہل قرار دیا گیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔
الیکشن کمیشن کے نمائندے کے مطابق چترال کی نشست پر عدالتی حکمِ امتناع کے باعث گزشتہ ایک سال سے انتخابات نہیں ہو سکے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ حکمِ امتناع ختم کیا جائے تاکہ حلقے میں انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے۔
جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے مزید سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔








