پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کا گورنر فیصل کریم کنڈی کے بیان کا خیرمقدم

پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کا گورنر فیصل کریم کنڈی کے بیان کا خیرمقدم

پشاور: پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پوٹا) نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے یونیورسٹی اساتذہ کے مسائل سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پوٹا کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے یونیورسٹی اساتذہ کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی ہے، جو ایک عرصے سے مالی مشکلات اور انتظامی رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی اساتذہ گزشتہ ایک دہائی سے مختلف مالی مسائل سے دوچار ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اساتذہ کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کے علاوہ ترقیوں اور کیریئر میں پیش رفت کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ پوٹا نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ اساتذہ کے جائز مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے تعمیری بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

ایسوسی ایشن نے زور دیا کہ تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ سرکاری جامعات میں اساتذہ کے وقار، حقوق اور خودمختاری کو بحال کیا جائے۔ پوٹا کے مطابق اساتذہ کو درپیش مسائل کا مستقل حل اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔

More News