پشین زیارت روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی کانوائے پر حملہ، 11 دہشت گرد ہلاک

پشین زیارت روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی کانوائے پر حملہ، 11 دہشت گرد ہلاک

پشین: پشین میں زیارت کراس کے قریب کچ مور کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی پارٹی پر مسلح افراد نے حملہ کردیا، جس کے بعد فورسز کی جوابی کارروائی میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق 3 ستمبر کو ایف سی کے 134 ونگ کی ایک پارٹی کچ مور کے علاقے میں نئی پوسٹ قائم کرنے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ زیارت کراس سے تقریباً 3 سے 4 کلومیٹر آگے پہنچنے پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر ناکہ لگا کر فورسز کی پارٹی پر اچانک فائرنگ شروع کردی۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ آوروں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھڑپ کے دوران 11 دہشت گرد مارے گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے 8 اہلکار شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی معاونت اور اضافی کمک کے لیے ہیلی کاپٹر بھی جائے وقوعہ پر پہنچا۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور ممکنہ طور پر فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ پشین اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف متعدد کارروائیاں کی ہیں۔ یکم ستمبر کو آئی ایس پی آر کے مطابق پشین کے زیارت کراس اور چاغی کے نوکچہ سمیت بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 21 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔

پشین کے تازہ واقعے میں جانی نقصان اور ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد سے متعلق حتمی تفصیلات متعلقہ حکام کی باضابطہ تصدیق کے بعد سامنے آسکیں گی۔

More News