پمز آتشزدگی: 14 معصوم بچوں کی اموات پر دل شدید رنجیدہ ہے، مریم نواز

پمز آتشزدگی: 14 معصوم بچوں کی اموات پر دل شدید رنجیدہ ہے، مریم نواز

اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ننھی جانوں کا المناک سانحہ پورے ملک کو سوگوار کر گیا ہے، جس کا کرب الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی اچانک اور المناک موت انتہائی تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، جس نے ہر آنکھ کو اشکبار اور ہر دل کو غمزدہ کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ اس ناقابلِ تلافی نقصان پر غمزدہ والدین اور لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ دے، ان کے درجات بلند فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو یہ ناقابلِ برداشت صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے۔

پمز میں پیش آنے والے اس دلخراش سانحے کے بعد ملک بھر میں غم اور تشویش کی فضا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کے تعین کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔

More News