پنجاب حکومت نے توانائی بحران کے پیش نظر اہم اقدامات کی تیاری کر لی
لاہور (ویب ڈیسک):
خلیجی ممالک میں کشیدگی اور ملک میں جاری توانائی بحران کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے میں ایندھن کی بچت اور منصفانہ تقسیم کے لیے اہم اقدامات کی تیاری کر لی ہے۔ محکمہ توانائی پنجاب نے حکومت کو سفارشات ارسال کی ہیں جن میں پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سفارشات میں مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے، تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیوں اور اسکولوں میں ہائبرڈ نظام تعلیم پر غور کرنے، نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کی ہدایات سخت کرنے اور غیر ضروری تقریبات پر پابندی لگانے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔ حکومت نے میٹرو اور بس سروس بڑھانے، ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے، رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس متبادل موڈ پر چلانے اور مارکیٹ کے اوقات کار محدود کرنے کی سفارشات بھی موصول کی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات توانائی کے محدود وسائل کے مؤثر استعمال اور شہری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں اور پنجاب حکومت جلد ان سفارشات پر حتمی فیصلہ کرے گی۔








