پنجاب میں بچوں کے لیے پہلا برن یونٹ قائم، 30 بستروں کی سہولت
پنجاب میں بچوں کے لیے صوبے کا پہلا خصوصی برن یونٹ تعمیر کرلیا گیا ہے، جہاں جھلسنے والے بچوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق نئے برن یونٹ میں مجموعی طور پر 30 بستروں کی سہولت موجود ہے، جبکہ یونٹ میں 8 آئی سی یو بیڈز اور 3 آپریشن تھیٹرز بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق بچوں کے لیے قائم کیے گئے اس خصوصی برن یونٹ کو فعال بنانے کے لیے کنسلٹنٹ اسٹاف بھرتی کرلیا گیا ہے جبکہ میڈیکل افسران بھی تعینات کیے جاچکے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ برن یونٹ میں نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی بھی مکمل کرلی گئی ہے، جس سے بچوں کو جلنے کے حادثات کی صورت میں بروقت اور بہتر طبی علاج کی سہولت میسر آسکے گی۔
حکام کے مطابق جدید طبی سہولیات سے آراستہ یہ یونٹ بچوں کے برن کیسز کے علاج میں اہم کردار ادا کرے گا۔








