اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کے امن اور خطے کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال
لندن: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ میں امن، سندھ طاس معاہدے اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران برطانوی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے پاکستان کو افغانستان سے لاحق دہشتگردی کے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور قابل قبول حل کے حصول کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔







