پنجاب کے بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا حکم

پنجاب کے بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا حکم

پمز اسپتال میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات شروع کردیے ہیں۔ حکومت نے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے کے 57 بڑے سرکاری اسپتالوں کی فہرست تیار کی گئی ہے، جہاں فائر ہائیڈرنٹس قائم کیے جائیں گے۔ واسا کو اسپتالوں کے اطراف اہم مقامات کی نشاندہی کرنے اور وہاں فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں کو فائر سیفٹی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔ مراسلے میں اسپتال انتظامیہ کو فائر سیفٹی قوانین، قواعد و ضوابط اور مقررہ حفاظتی معیار پر مکمل عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق اسپتالوں میں فائر فائٹنگ آلات کی دستیابی، ایمرجنسی راستوں اور ایمرجنسی نقشوں کی موجودگی کے ساتھ عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی یقینی بنایا جائے۔ اسپتالوں کو فیسلٹی مینجمنٹ اور انفیکشن کنٹرول سے متعلق ہدایات پر بھی عمل کرنا ہوگا۔

مراسلے میں پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کو سرکاری اور نجی اسپتالوں کے فائر سیفٹی معائنے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتالوں کی تفصیلات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو فراہم کی جائیں گی تاکہ ذمہ دار اداروں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

اس کے علاوہ اسپتال انتظامیہ کو تربیت یافتہ عملہ تعینات کرنے اور باقاعدگی سے فائر سیفٹی ڈرلز منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں، نومولود بچوں اور عملے کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا جاسکے۔

یہ اقدامات اسلام آباد کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد سامنے آئے ہیں، جہاں بدھ کی صبح گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد سی ڈی اے کے فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں بھی پمز اسپتال میں آگ سے بچاؤ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے انتظامات کو ناکافی قرار دیا گیا تھا۔

پمز سانحے کے بعد ملک بھر کے اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے فائر ہائیڈرنٹس اور حفاظتی اقدامات کا مقصد مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام اور ہنگامی صورتحال میں بروقت امداد کو یقینی بنانا ہے۔

More News