پاکستان اور کویت کے دفاعی تعلقات میں اہم پیشرفت، پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط

پاکستان اور کویت کے دفاعی تعلقات میں اہم پیشرفت، پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط ہوگئے۔ نئے معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویتی افواج کو مختلف دفاعی شعبوں میں تربیت اور استعداد کار بڑھانے میں معاونت فراہم کریں گی۔

کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے وزارت دفاع میں ملاقات کی۔ وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور کویت کے درمیان پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر باضابطہ دستخط کیے گئے۔

معاہدے کے تحت پاکستان، کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون کرے گا۔ اس کے علاوہ سرحدی انتظام اور دیگر متفقہ دفاعی شعبوں میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔

نیا پروٹوکول ایگریمنٹ 2023 میں طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم موجودہ عسکری تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت دے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو ادارہ جاتی سطح پر مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

پاکستان اور کویت نے باہمی اعتماد، احترام، مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور تاریخی برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کویتی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو بھی سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

دفاعی تعاون میں یہ پیشرفت دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دی جارہی ہے، جبکہ نئے معاہدے سے تربیت، استعداد کار اور دفاعی شعبوں میں باہمی تعاون کے مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

More News