پنجاب 14 شہدائے پولیس کے لواحقین کیلئے گھروں اور مالی مراعات کی منظوری

پنجاب: 14 شہدائے پولیس کے لواحقین کیلئے گھروں اور مالی مراعات کی منظوری

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے 14 پولیس اہلکاروں کے لواحقین کیلئے مختلف شہداء پیکجز کی منظوری دے دی۔

یہ منظوری صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں شہداء کے ورثاء کو مالی واجبات اور دیگر مراعات بروقت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

منظور کیے گئے پیکجز میں بھکر اور لیہ میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے پیکج ایک، جبکہ بہاولنگر، سرگودھا، راجن پور، فیصل آباد اور گجرات میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کیلئے پیکج دو منظور کیا گیا۔ اسی طرح بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور ساہیوال میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے پیکج تین کی منظوری دی گئی۔

پیکج ایک کے تحت شہید کانسٹیبل کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے، پانچ مرلے کا گھر اور دیگر مراعات دی جائیں گی۔ پیکج دو کے تحت شہید کانسٹیبل کے لواحقین کو 40 لاکھ روپے، پانچ مرلے کا گھر جبکہ شہید اے ایس آئی کے ورثاء کو 50 لاکھ روپے اور سات مرلے کا گھر فراہم کیا جائے گا۔

پیکج تین کے تحت شہید کانسٹیبل کے لواحقین کو 35 لاکھ روپے جبکہ شہید اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کے ورثاء کو 40 لاکھ روپے اور دیگر مراعات دی جائیں گی۔

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی شہید کے خاندان کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے اصل ہیرو اور فخر ہیں، حکومت پنجاب شہداء کے لواحقین کی بھرپور امداد جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس جوانوں کو دوران ڈیوٹی شہید کرنے والے دہشت گردوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

More News