پندرا اکتوبر سے نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس جاری نہ کرنے کا فیصلہ

 اکتوبر سے نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس جاری نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے 15 اکتوبر 2026 سے نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد شہریوں کو مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کے بجائے صرف ای پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر جاری کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کے حکام کو فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز میں متعلقہ عملے کو بھی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرکلر کے مطابق 15 اکتوبر 2026 سے قبل نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا ممکن ہوگا۔ تاہم مقررہ تاریخ کے بعد نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس جاری نہیں کیے جائیں گے اور ان کی جگہ ای پاسپورٹس کا اجرا کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق 15 اکتوبر سے پہلے جاری کیے گئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ مدت تک قابل استعمال رہیں گے۔ ان پاسپورٹس کی مدت ختم ہونے کے بعد تجدید نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو ای پاسپورٹ کے لیے درخواست دینا ہوگی۔

متعلقہ پاسپورٹ دفاتر کو درخواست گزاروں کو اس فیصلے سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہری پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید کے لیے درخواست دیتے وقت نئی پالیسی سے واقف ہوں۔

ای پاسپورٹ جدید سفری دستاویز کے طور پر بائیومیٹرک اور الیکٹرانک معلومات پر مشتمل ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق ای پاسپورٹس کے اجرا سے مسافروں کو بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر تیز امیگریشن کلیئرنس سمیت دیگر سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔

نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کے اجرا کا عمل بتدریج مکمل طور پر ای پاسپورٹ نظام کی طرف منتقل کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پاکستانی مشنز سے جاری ہونے والے پاسپورٹس پر بھی ہوگا۔

پاسپورٹ حکام نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو نئے نظام اور پاسپورٹ کی تجدید سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جائیں۔ اس اقدام کے بعد آئندہ نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔

More News