پنشنرز کے لیے بڑی سہولت، لائف سرٹیفکیٹ آن لائن جمع کرانے کا نظام متعارف

پنشنرز کے لیے بڑی سہولت، لائف سرٹیفکیٹ آن لائن جمع کرانے کا نظام متعارف

حکومت پاکستان نے پنشنرز کی سہولت کے لیے سالانہ لائف سرٹیفکیٹ آن لائن جمع کرانے کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت بزرگ شہری اب گھر بیٹھے اپنی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرکے لائف سرٹیفکیٹ جمع کرا سکیں گے۔

آفس آف دی کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (CGA) نے وزارتِ خزانہ کی رہنمائی اور نادرا کے تعاون سے یہ سہولت متعارف کرائی ہے۔ اس نئے نظام کے تحت پنشنرز کو لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے لیے بار بار بینکوں یا سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ارسال کیے گئے مراسلے کے مطابق پنشنرز نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرکے اپنا سالانہ لائف سرٹیفکیٹ آن لائن جمع کرا سکیں گے۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے بالخصوص معمر اور ایسے پنشنرز کو نمایاں سہولت ملے گی جنہیں لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے لیے سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گھر بیٹھے تصدیق کا عمل مکمل ہونے سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہوگی۔

مراسلے کے مطابق ڈیجیٹل نظام کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان ایک خصوصی تقریب کے دوران کریں گے۔ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس نے صوبائی حکومتوں سے بھی درخواست کی ہے کہ نئے نظام کے مؤثر نفاذ اور پنشنرز میں اس سہولت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے تعاون کیا جائے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کا مقصد عوامی خدمات کو آسان، شفاف اور جدید بنانا ہے۔ اس اقدام کو ڈیجیٹل پاکستان وژن کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

نئے نظام کے بعد پنشنرز کو سالانہ لائف سرٹیفکیٹ کے لیے طویل قطاروں اور غیر ضروری دفتری کارروائی سے بڑی حد تک نجات ملنے کی توقع ہے۔

More News