وزیراعظم شہباز شریف سے شامی وزیر خارجہ کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور تعمیرِ نو پر گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، شام کی سیاسی صورتحال، تعمیرِ نو، تجارت اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو سیاسی روابط سے آگے بڑھا کر دفاع، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کو بھی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی رابطے بحال ہونے سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور پاکستان سے شام جانے والے زائرین کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔
ملاقات میں گولان کی پہاڑیوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور اس کی علاقائی سالمیت کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شامی صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
دوسری جانب شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے وزیراعظم کو شام کی موجودہ سیاسی صورتحال اور ملک میں جاری تعمیرِ نو کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
شامی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔





