پڑوسی ممالک ایران پر حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں: پزشکیان

پڑوسی ممالک ایران پر حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں: پزشکیان

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے کے پڑوسی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک ایران کے بھائی اور پڑوسی ہیں اور تہران تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔

ایک انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو متحدہ عرب امارات یا خطے کے کسی دوسرے ملک سے کوئی مسئلہ نہیں، اصل مسئلہ امریکی فوجی اڈے ہیں جہاں سے ایران پر حملے کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق امریکا خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب آنے سے روکنے کے ساتھ پٹرولیم ذخائر اور اسلحے کی تجارت کے ذریعے خطے کے امن کو متاثر کررہا ہے۔

ایرانی صدر نے علاقائی سکیورٹی کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ طور پر امن و استحکام کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ پاکستان کے حوالے سے انہوں نے اسے دوست ہمسایہ قرار دیا اور کہا کہ اسلام آباد نے امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ قطر نے بھی معاونت کی۔

جنگ کے حوالے سے پزشکیان نے کہا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور جارحیت کا خاتمہ امریکا کو کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاملات پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم امریکا سے براہِ راست مذاکرات کے حوالے سے ایران میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں اور نظام کے اندر اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن ان کے ٹھکانے کا سراغ لگانے میں ناکام رہا ہے۔

More News