ایران کے ساتھ جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی: ٹرمپ کا دعویٰ

ایران کے ساتھ جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی: ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ امریکی مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کریں گے جو ان کے لیے قابلِ قبول نہ ہو۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق آئرلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے اور اگر امریکی نمائندے ایرانی حکام سے ملاقات کرتے ہیں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

یوکرین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ ان کی یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے زیلنسکی پر زور دیا کہ روس میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

وینزویلا سے متعلق گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا وہاں سے بڑی مقدار میں تیل حاصل کررہا ہے، جبکہ وینزویلا میں انتخابات اس وقت ہوں گے جب حالات سازگار ہوں گے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا میں دنیا کی سب سے کم شرح سود ہونی چاہیے اور امریکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں جو ملک سبقت لے جائے گا، وہی کامیاب ہوگا۔

More News