پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج، حکومت کا جماعت اسلامی سے دوبارہ رابطہ
اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج اور اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ حکومت نے مذاکرات کے لیے ایک بار پھر جماعت اسلامی سے رابطہ کرلیا۔
جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ وہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور سینیئر قیادت سے مشاورت کے بعد حکومتی پیشکش کا جواب دیں گے، تاہم پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھنے کا مؤقف برقرار ہے۔
جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں۔ پہلا حکومتی وفد جماعت اسلامی کو مذاکرات کی دعوت دینے منصورہ لاہور گیا تھا، جبکہ بعد کے چار ادوار اسلام آباد میں ہوئے۔
مذاکرات کا آخری دور 16 ستمبر کو ہوا تھا۔







