پیٹرول کے بعد گھی اور کوکنگ آئل بھی مہنگے، عوام پر مہنگائی کا نیا وار

پیٹرول کے بعد گھی اور کوکنگ آئل بھی مہنگے، عوام پر مہنگائی کا نیا وار

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی مہنگی ہونے لگیں، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق درجہ سوم گھی کی قیمت 500 روپے فی کلو سے کم نہیں رہی، جبکہ درجہ دوم گھی 545 سے 550 روپے اور درجہ اول 595 سے 600 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔

اسی طرح کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید بوجھ پڑ گیا۔

واضح رہے کہ 22 اگست سے پیٹرول کی قیمت 3 روپے 81 پیسے اضافے کے بعد 341 روپے 59 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 59 پیسے اضافے کے بعد 368 روپے 29 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اشیائے خورونوش بھی مسلسل مہنگی ہورہی ہیں، جس سے متوسط اور کم آمدن والے طبقے کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گھی اور کوکنگ آئل سمیت بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور پیٹرول مہنگا ہونے کا جواز بنا کر ناجائز منافع خوری کا راستہ روکا جائے۔

More News