پی آئی اے کی جدہ پہنچنے والی پرواز میں آگ کی اطلاع، مسافروں کا ہنگامی اخراج
جدہ: کراچی سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے طیارے میں پارکنگ کے دوران ایک انجن میں آگ لگنے کے شبہ پر مسافروں کو ہنگامی طور پر طیارے سے باہر نکال لیا گیا، تاہم پی آئی اے ترجمان نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کردی۔
ذرائع کے مطابق طیارہ جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر موجود تھا جب گراؤنڈ اسٹاف نے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا۔ صورتحال کے پیش نظر پائلٹ نے ایس او پیز کے تحت ایمرجنسی انخلا کا عمل شروع کیا اور مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے بحفاظت طیارے سے باہر نکالا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جنہیں طبی معائنے کے لیے جدہ ایئرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق طیارے نے جدہ ایئرپورٹ پر معمول کے مطابق لینڈنگ کی تھی اور طیارہ جیٹی پر لگا ہوا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد طیارے میں آگ لگنے کا شبہ غلط ثابت ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
واقعے کے باعث جدہ سے لاہور جانے والی پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔ پی آئی اے کے مطابق پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل منتقل کیا گیا جبکہ دیگر مسافر اپنے گھروں کو چلے گئے۔








