ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے نیوٹرل وینیو کی پاکستان کی درخواست مسترد کردی
لاہور: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے مقام سے متعلق پاکستان کی درخواست پر بھارت نے اسے مسترد کرتے ہوئے ٹورنامنٹ بھارت میں ہی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کے تمام میچز کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیے جائیں یا پھر مکمل ٹورنامنٹ بھارت کے بجائے کسی غیرجانبدار ملک میں کرایا جائے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے یہ درخواست دونوں ممالک کے درمیان موجودہ صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاکی انڈیا کے سیکرٹری بھولا ناتھ سنگھ نے پاکستان کی درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں ہی کھیلی جائے گی۔ ان کے مطابق پاکستان کو بھی بھارت میں آکر ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔
بھارتی ہاکی حکام کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بھارت نہیں آتا تو پہلے سے اعلان کردہ متبادل ٹیم کو مدعو کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارتی شہروں جالندھر اور موہالی میں منعقد ہونا طے ہے۔ دو روز قبل بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بھارت آئے گی۔
دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کی درخواست اور بھارت کے مؤقف پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔








