کراچی: اے ٹی ایم سے لاکھوں روپے چوری، بینک کا آپریشن منیجر ہی ملوث نکلا
کراچی میں آرام باغ روڈ پر واقع ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم سے لاکھوں روپے چوری کرنے کی واردات کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک کے آپریشن منیجر اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واردات 7 اگست کی درمیانی شب پیش آئی، جہاں ملزمان نے اے ٹی ایم کا لاک کھول کر 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری کیے۔ واردات کو چھپانے کے لیے ملزمان نے اے ٹی ایم میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے پر چیونگم بھی لگا دی تھی۔
حکام کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ واردات میں بینک کا آپریشن منیجر خود ملوث تھا، جس نے مبینہ طور پر اپنے دوست کے ساتھ مل کر اے ٹی ایم سے رقم نکلوائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بینک آپریشن منیجر نے چوری کی گئی رقم اپنے دوست کے پاس رکھوائی تھی۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 29 لاکھ 74 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور چوری کی گئی باقی رقم کی برآمدگی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث دونوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







