پولیو سے پاک پاکستان کا حصول بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت اس موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ صوبوں اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ملک سے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری پولیو مہمات، حالیہ کیسز اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے پولیو ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی سکیورٹی اور بچوں تک مسلسل رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بہتر بنانے کے ساتھ پولیو سے متاثرہ اور حساس علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے حالیہ پولیو کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پہلے سے زیادہ مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت، وزیر مملکت اور متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں کے دورے کرکے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز سے ملاقاتوں کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایک ہفتے کے اندر تمام صوبوں کی مشاورت سے انسداد پولیو کا مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع خیبر سے نئے کیس کے بعد 2026 میں پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں ضلع خیبر سے 3، بنوں سے 3 اور شمالی وزیرستان سے ایک کیس سامنے آیا، جبکہ سندھ میں کراچی شرقی اور سجاول سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب میں فروری 2025 سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، جبکہ بلوچستان میں 2025 اور 2026 کے دوران کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی پولیو سے پاک ہیں۔








