پی ٹی آئی کے ایم پی اے عبدالغنی آفریدی کا وزیراعلیٰ کے بھائی پر مداخلت کا الزام، تحقیقات کا مطالبہ

پی ٹی آئی کے ایم پی اے عبدالغنی آفریدی کا وزیراعلیٰ کے بھائی پر مداخلت کا الزام، تحقیقات کا مطالبہ

پشاور(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو خط لکھ کر ان کے بھائی نوید آفریدی پر حلقہ پی کے 71 کے سیاسی اور انتظامی معاملات میں مبینہ مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

عبدالغنی آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر بھی خط جاری کیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نوید آفریدی حلقے میں کھلی کچہریاں منعقد کرتے، سرکاری افسران کو شرکت کی ہدایات دیتے اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کرتے ہیں۔ خط میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ بعض افسران کو عدم شرکت کی صورت میں تبادلوں کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

ایم پی اے نے کہا کہ اس مبینہ مداخلت سے ان کی سیاسی حیثیت اور عوامی نمائندگی متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق وہ متعدد بار وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام کو اس صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں، تاہم کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔

عبدالغنی آفریدی نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور الزامات درست ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

More News