عید سے قبل پاکستان میں فائیو جی سروس کا امکان، پی ٹی اے کی تیاریاں عروج پر
پاکستان میں عید الفطر سے قبل موبائل صارفین کو فائیو جی سروس فراہم کیے جانے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں کو آئندہ ہفتے فائیو جی لائسنس جاری کیے جانے کی توقع ہے، جس کے بعد وہ سروس فوری طور پر لانچ کرنے کے قابل ہو جائیں گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل ہونے کے بعد لائسنس کے اجراء کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیاں فائیو جی سروس کے فوری آغاز کے لیے تیار ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد صارفین کو عید سے قبل جدید انٹرنیٹ سروس فراہم کی جا سکتی ہے۔
لائسنس جاری کرنے سے قبل کمپنیوں کو 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانی ہوگی۔ ایک کمپنی نے یہ رقم جمع کروادی ہے جبکہ باقی دو کمپنیوں کی جانب سے جلد جمع کروانے کی توقع ہے۔ پی ٹی اے تینوں کمپنیوں کو بیک وقت لائسنس دینے پر بھی غور کر رہا ہے تاکہ عید سے قبل صارفین کو فائیو جی کی سہولت دی جا سکے۔
پی ٹی اے حکام نے یہ بھی بتایا کہ لائسنس اجراء کے موقع پر ہیڈ کوارٹر میں تقریب منعقد کرنے کا امکان ہے، جس میں سروس کی باقاعدہ لانچنگ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ حکام کے مطابق فائیو جی سروس کے آغاز سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ، بہتر کالنگ اور جدید ڈیجیٹل تجربات حاصل ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں موبائل ڈیٹا اور جدید کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے اور ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








