چار دن کے مسلسل اضافے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

چار دن کے مسلسل اضافے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

کراچی: عالمی اور مقامی صرافہ بازار میں چار روز سے جاری مسلسل اضافے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے کم ہو گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 86 ہزار 536 روپے فی تولہ ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 514 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 17 ہزار 126 روپے کی سطح پر آگئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 6 ڈالر سستا ہوکر 4,640 ڈالر پر آگیا۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 100 روپے سستی ہونے کے بعد 7 ہزار 279 روپے کی سطح پر آگئی۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں موجودہ کمی عارضی ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے رہیں گے۔

ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران ہی پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ روپے کی تاریخی سطح عبور کرسکتی ہے۔

More News