چمکنی پولیس چوکی ترناب فارم پر دستی بم حملہ، 4 افراد زخمی
پشاور: تھانہ چمکنی کی حدود میں ترناب فارم پولیس چوکی پر نامعلوم افراد نے بارودی مواد پھینک دیا، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکار اور دو سویلین زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے جی روڈ پر قائم پولیس چوکی کو نشانہ بنایا، جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) اور کرائم سین ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور حملے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں اور دو سویلینز کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے ترناب فارم اور اس کے گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ سیکیورٹی اہلکار مشتبہ افراد کی تلاش اور حملے میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے مختلف علاقوں کی تلاشی لے رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شواہد کی روشنی میں حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔







