پی ایمز سانحہ، 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر وزیراعظم کا سخت ایکشن، ہیلتھ سیکریٹری معطل

پی ایمز سانحہ، 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر وزیراعظم کا سخت ایکشن، ہیلتھ سیکریٹری معطل

اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سخت انتظامی کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم نے سانحے پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واضح کیا کہ غفلت، تاخیر یا کسی بھی قسم کے بہانے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے واقعے میں مبینہ انتظامی اور حفاظتی ناکامی پر ہیلتھ سیکریٹری اسلم گھوری کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع کا ازالہ صرف شفاف اور بلاامتیاز احتساب سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحقیقات کے دوران جو بھی ذمہ دار قرار پائے، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

سانحے کی مکمل اور غیرجانبدار تحقیقات کے لیے سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی نرسری میں آگ لگنے کی وجوہات، فائر سیفٹی نظام کی ناکامی اور اسپتال عملے کی ممکنہ غفلت کا جائزہ لے گی۔

کمیٹی کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ انکوائری محض رسمی کارروائی تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ تمام ذمہ دار عناصر کی نشاندہی ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے اسپتالوں میں بچوں کے وارڈز اور نرسریوں کے فائر سیفٹی انتظامات کا ازسرنو آڈٹ کرانے کا بھی حکم دیا، تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جاسکے۔

پمز سانحے کے بعد متاثرہ خاندانوں کی جانب سے بھی اسپتال کے حفاظتی انتظامات، ایمرجنسی رسپانس اور ممکنہ انتظامی غفلت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

More News