چیف خطیب خیبرپختونخوا کی افغان شہریوں کی واپسی پر عوام سے حسنِ سلوک کی اپیل

چیف خطیب خیبرپختونخوا کی افغان شہریوں کی واپسی پر عوام سے حسنِ سلوک کی اپیل

پشاور: چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا محمد طیب قریشی نے افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کے حوالے سے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے گزشتہ چالیس برس تک افغان مہاجرین کی میزبانی کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی، جس کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔

جاری پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے افغان شہریوں کی پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا تھا، اسی طرح انہیں رخصت کرتے وقت بھی اعلیٰ ظرفی، برداشت اور حسنِ اخلاق کا مظاہرہ کریں۔

مولانا محمد طیب قریشی نے عوام پر زور دیا کہ افغان شہریوں کے ساتھ کاروباری معاملات، جائیداد کی خرید و فروخت اور دیگر لین دین میں کسی بھی قسم کی زیادتی یا ناانصافی نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ کے مطابق بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے، جبکہ مومن وہی ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔

چیف خطیب نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ افغان شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور تعاون کا رویہ اختیار کریں تاکہ ان کی دل آزاری نہ ہو اور وہ خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے وطن واپس جائیں۔

More News