پیسکو میں ترقیوں کیلئے آڈٹ کلیئرنس لازمی قرار، انتظامیہ کے نئے احکامات جاری
پشاور: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ملازمین کی ترقیوں کے عمل کو آڈٹ کلیئرنس سے مشروط کرتے ہوئے نئے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
جاری مراسلے کے مطابق لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈ ون اور گریڈ ٹو کی ترقی سے قبل نو پینڈنگ آڈٹ پیرا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ زیر التوا آڈٹ اعتراضات ختم کیے بغیر اہل ملازمین کو پروموشن سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
پیسکو انتظامیہ نے تمام ڈویژنل سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ زیر التوا آڈٹ اعتراضات فوری طور پر نمٹائے جائیں، کیونکہ پروموشن بورڈ کے انعقاد سے قبل تمام اہل ملازمین کی ڈویژنل آڈٹ کلیئرنس لازمی ہوگی۔
مراسلے میں متعلقہ دفاتر کو آڈٹ کلیئرنس رپورٹ سات روز کے اندر جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ جن ملازمین کے آڈٹ اعتراضات زیر التوا ہوں گے، انہیں این اے پی سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
پیسکو انتظامیہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ آڈٹ کلیئرنس میں کسی بھی تاخیر کی ذمہ داری متعلقہ فارمیشنز اور ڈویژنز پر عائد ہوگی۔








