ڈیرہ غازی خان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک
ویب ڈیسک
ڈیرہ غازی خان کے سرحدی علاقے جوتر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ 11 دہشتگرد فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق، سی ٹی ڈی نے یہ کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی، جن کی تعداد تقریباً 15 بتائی گئی تھی۔ چھاپے کے دوران دہشتگردوں نے فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں مقابلے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔ باقی دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اہلکار مفرور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ کارروائی سکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف مستقل کوششوں کا حصہ ہے تاکہ سرحدی علاقوں اور ملک کے اندرونی حصوں میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے








