ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم سے متعلق ملازمین کے لیے اہم فیصلہ
اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اخراجات اور ایندھن کی بچت کے لیے کفایت شعاری کے متعدد اقدامات نافذ کرتے ہوئے ملازمین کے لیے ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کردی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت گھر سے کام کرنے والے ملازمین ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم کے حق دار نہیں ہوں گے۔
نئے انتظامات کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا 50 فیصد عملہ دفاتر میں موجود رہ کر فرائض انجام دے گا جبکہ باقی 50 فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ گھر سے کام کرنے والے ملازمین کے لیے روٹیشن ڈیوٹی روسٹر ترتیب دیا جائے گا اور انہیں فون، ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے دستیاب رہنا ہوگا۔
ضرورت پڑنے پر متعلقہ ملازمین کو صرف ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر طلب کیا جاسکے گا۔ پالیسی کے تحت ورک فرام ہوم کرنے والے ملازمین کو ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم نہیں دیا جائے گا، جبکہ مجاز افسر کی اجازت کے بغیر اسٹیشن چھوڑنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
کفایت شعاری اقدامات کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے آئندہ تین ماہ کے دوران ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مالی سال 2026-27 کے غیر ترقیاتی بجٹ میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اجلاس ترجیحاً ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوں گے، جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بھی ورچوئل طریقے سے منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔








