ڈی آئی خان میں فائرنگ کے دو واقعات، ایف بی آر اور پولیس کے 5 اہلکار شہید
ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایف بی آر کے 4 اہلکاروں اور ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں اہلکاروں کو دورانِ ڈیوٹی نشانہ بنایا گیا۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ضیا الدین احمد کے مطابق پہلا واقعہ ابہایا پل کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایف بی آر اہلکاروں کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایف بی آر کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں دو مستقل ملازمین جبکہ دو کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئیں، جہاں ضروری کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
دوسرا واقعہ بنوں روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ فوری طور پر فائرنگ کے واقعات کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آنے والے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سرکاری ریڈیو کے مطابق دونوں رہنماؤں نے 4 کسٹمز اہلکاروں اور ایک ٹریفک پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے میں نگرانی اور گشت بھی بڑھا دیا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
ڈی آئی خان میں حالیہ فائرنگ کے واقعات کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔








