کبل دھماکے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی، آئی جی خیبر پختونخوا

کبل دھماکے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی، آئی جی خیبر پختونخوا

سوات: انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ کبل پولیس اسٹیشن میں ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی، جس کے دوران دھماکا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے قبل ممکنہ خطرات کی اطلاعات موجود تھیں، جس کے پیش نظر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔

ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں ایک اور خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، اس لیے شہری غیر ضروری اجتماعات سے گریز کریں اور سیکیورٹی معاملات میں احتیاط برتیں۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں کا مسلسل تعاقب کیا جا رہا ہے اور انہیں دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو شہدا پیکج بھی دیا جائے گا۔

More News