کراچی میں گردوں کے امراض کی یونین کونسل سطح پر سکریننگ کا فیصلہ

کراچی میں شہریوں کی کڈنی اسکریننگ کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کی جانب سے شہر میں یونین کونسل کی سطح پر شہریوں کی کڈنی اسکریننگ کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پروگرام کراچی کے مختلف علاقوں میں یونین کونسل چیئرمینز کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق اس پروگرام کا مقصد گردوں کے امراض کی بروقت تشخیص اور شہر میں اس بیماری سے متاثرہ افراد کی درست تعداد کا تعین کرنا ہے۔ ابتدائی اسکریننگ کے ذریعے ایسے شہریوں کی نشاندہی کی جائے گی جو گردوں کے ممکنہ امراض میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ اسکریننگ کے دوران جن افراد میں بیماری یا اس کے امکانات سامنے آئیں گے، انہیں مزید طبی معائنے اور علاج کے لیے متعلقہ طبی مراکز ریفر کیا جائے گا۔ ان کے مطابق صرف اسکریننگ کافی نہیں بلکہ متاثرہ شہریوں کو رہنمائی، علاج اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے گردوں کے امراض سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ مہم کے ذریعے شہریوں میں بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور گردوں کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز میں کراچی کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے بھی مریض علاج کے لیے آ رہے ہیں۔

میئر کراچی کے مطابق شہریوں کو معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے ہسپتالوں اور طبی اداروں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

More News