حج 2027: پرائیویٹ حج آپریشن کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے سعودی عرب کے نسک مسار سسٹم کے مطابق پرائیویٹ حج آپریشن کا نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق آئندہ حج کے لیے پرائیویٹ حج کی بکنگ براہ راست پرائیویٹ حج آپریٹرز کے بجائے وزارت مذہبی امور کے توسط سے کی جائے گی۔ حج 2027 میں پہلی مرتبہ سرکاری حج کے ساتھ پرائیویٹ حج آپریشن بھی وزارت مذہبی امور کی براہ راست نگرانی میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی پرائیویٹ حج اسکیم کو وزارت مذہبی امور کی سرکاری ’’پاک حج ایپ‘‘ کے ذریعے چلایا جائے گا، جس کے تحت حج بکنگ سمیت دیگر متعلقہ معاملات کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے منظم کیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت حجاج کی بکنگ، ادائیگیوں اور حج سے متعلق دیگر امور کی نگرانی ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی، جس سے انتظامی معاملات کو مزید منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کا بنیادی مقصد پرائیویٹ حج آپریشن میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے علاوہ حجاج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور حج انتظامات میں ممکنہ بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے بھی ڈیجیٹل نظام کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






