کسی پرتشدد جتھے کو اسلام آباد آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کسی بھی پرتشدد گروہ کو اسلام آباد آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ شہریوں کی آمدورفت اور سڑکوں کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام راستے کھلے رکھے جائیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے تحت سڑکیں بند کرنے اور عوام کی نقل و حرکت میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق پولیس، انتظامیہ، وزیر داخلہ اور حکومت اس معاملے پر واضح مؤقف رکھتے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی فیول ریلیف اسکیم سے متعلق بھی تفصیلات بیان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے اسکیم کو مزید آسان بنایا گیا ہے اور وزیراعظم خود اس کی نگرانی کررہے ہیں۔
عطا تارڑ کے مطابق موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان کے لیے اہلیت کی مدت بڑھا کر 20 سال کردی گئی ہے، جس کے تحت یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں اور رکشے بھی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کا دائرہ پورے پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ اسمارٹ فون نہ رکھنے والے شہریوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اب تک 22 لاکھ افراد رجسٹرڈ جبکہ 19 لاکھ ٹوکن جاری ہوچکے ہیں۔








