کشمیری دنیا بھر میں آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

کشمیری دنیا بھر میں آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

کنٹرول لائن کے دونوں جانب، پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد مسئلہ کشمیر کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کو اجاگر کرنا ہے۔

27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے سری نگر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں، جسے پاکستان اور کشمیری قیادت کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے آغاز کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ اس واقعے کے خلاف کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا مطالبہ کرتے ہیں۔

یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیری برادری کی جانب سے ریلیاں اور احتجاجی سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔

کشمیری رہنماؤں اور مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یوم سیاہ کی مناسبت سے شاہراہ سری نگر پر کنٹرول لائن کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکا ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

کشمیری عوام یوم سیاہ کے ذریعے اپنے سیاسی حقوق اور مسئلہ کشمیر کے حل کے مطالبے کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں۔

More News