پشاور میں بھائی کے قتل کا واقعہ، ملزم گرفتار، پستول برآمد
پشاور: تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس نے بھائی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزم یاسر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم یاسر سکنہ مہند آباد پر الزام ہے کہ اس نے زبانی تکرار کے دوران اپنے بھائی عمیر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے محرکات اور دیگر تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔
پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔







