مشیرِ اوقاف مولانا طیب قریشی کا یومِ سیاہ کشمیر پر اظہارِ یکجہتی

مشیرِ اوقاف مولانا طیب قریشی کا یومِ سیاہ کشمیر پر اظہارِ یکجہتی

مشیرِ اوقاف مولانا طیب قریشی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر سکھ اور مسیحی برادری کے رہنماؤں کے ہمراہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور حکومت کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مولانا طیب قریشی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیر میں فوجیں داخل کرکے قبضے کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے۔

مشیرِ اوقاف کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور مسئلے کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔

مولانا طیب قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے اور اس مقصد کے لیے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔

More News